گلگت(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ نگر کے محرومیوں کا خاتمہ کرکے نگر کو مثالی ضلع بنائیں گے۔ ضلع نگر سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔نگرچھلت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ضلع نگر سے ہوگا۔ نگر پسن میں سٹیڈیم کے قیام کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کی ہے جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کا وفد پسن نگر کا دورہ کرے گا۔ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے نگر میں فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کیا جائے گا۔ چھلت آر سی سی پل کے ایڈمن اپرول جار ی کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ چھلت تا بر روڈ کی میٹلنگ کا کام جلد مکمل کرایا جائے گا۔ سونیکوٹ پل کی فزیبلٹی تیار کی جائے گی اور اے ڈی پی میں اس منصوبے کو شامل کیا جائے گا۔ بڈلس واٹر چینل پر کام تیز کرنے کیلئے ای ٹی آئی کوہدایات دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ماضی میں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے التواء کا شکار ہوئے۔ اداروں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں۔ تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کسی بھی فورم سے منظور نہیں ہوئے صرف ان منصوبوں کو ختم کیا گیا ہے تاکہ تھرو فارورڈ کو کم کیا جاسکے۔ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرائے جائیں گے۔ بجلی کے منصوبوں پر ترجیح نہیں دی گئی جس کی وجہ سے آج لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ 200میگاواٹ کے منصوبے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج میں شامل کئے گئے ہیں۔ نگر کیلئے کے کے ایچ کا متبادل روڈ شاہراہ نگرکو بھی گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔ ہرسپو داس کی ماسٹر پلاننگ کرائی جائے گی۔ ٹائون پلاننگ پر ہماری حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام دیہاتوں کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا اور اس ماسٹر پلان کے تحت تمام دیہاتوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور تعمیر و ترقی پر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ سیاحت کے فروغ کیلئے ویلج ڈویلپمنٹ پلان پر کام کیاجارہاہے جس سے گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے تین دیہاتوں میں ویلج ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ان دیہاتوں میں سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضلع نگر کو بھی پائلٹ پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ تحصیل چھلت کو فعال کیا جائے گا اور سٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ صحت اور تعلیم ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہسپتالوں اور سکولوں کے پی سی فورز کی منظوری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ نگر کے سیاحت مقام گھپہ تک روڈ تعمیر کیا جائے گا جس سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نوروزکی تین دن چھٹیاں کی جائیں گی اورپورے صوبے میں شجرکاری مہم چلایا جائے گا اس شجرکاری مہم کے تحت نیا ریکارڈ بنائیں گے۔ شجرکاری کے بین اضلاعی مقابلے ہوںگے۔انہوںنے کہا کہ جن جماعتوں کی حکومتوں میں 7نیشنل پارک گلگت بلتستان میں بنے وہ ہماری جماعت پر دو نیشنل پارک بنانے پر تنقید کررہے ہیں۔(ن)لیگ نے13ارب کے بجٹ میں100ارب کے منصوبے رکھے جسے ہم نے ختم کیا اب بجٹ میں رہتے ہوئے منصوبے بنائے جائیںگے۔ادھر مناپن نگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نگر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جائیں گے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے گلگت بلتستان کیلئے ڈھائی سو ارب کا ترقیاتی پیکیج مل رہاہے۔ مناپن نگر کے سکولوں اور ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی دور کی جائے گی۔ سیوریج کے نظام کیلئے فزیبلٹی تیار کرنے کے ہدایات دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ ادوار میں نگر کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت ترجیحی بنیادوں پر نگر کے مسائل حل کرے گی۔ ضلع نگر کو سیاحت کامرکز بنائیں گے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت لینڈ ریفامز کرے گی جس سے زمینوں کامسئلہ حل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ نگر کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک قوم بن کر جدوجہ د کریں آپ کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کو کامیاب کرائیں تاکہ نگر کے مسائل حل ہوسکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے نگر کے دونوں حلقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ نگر کے ساتھ سابقہ حکومت نے سوتیلی ماں جیسا سلوک اور بدنیتی پر مبنی سیاست کی ہے .جس کا انجام اسمبلی میں ایک یا دو ممبران کی صورت میں ان کو ملا ہے.جاوید علی منوا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نگر میں جلد زرعی ترقیاتی بینک اور پاسپورٹ آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لئے وزیراعلی سمیت ہم سب نے مل کر وزارت داخلہ و اسٹیٹ بینک تک رابطہ کیا ہے .اور جون سے قبل یہ دفاتر کھولنے کی کوشش کرینگے وزیر خوراک شمس الحق لون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بد امنی کے دوران نگر کے غیور عوام کی کارکردگی کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں جن کی تعریف اسوقت بھی پوری دنیا میں مشہور ہوچکی ہے۔گندم کے حصول و مسائل کے حل کے لئے نگر کے لوگوں کو میرے آفس کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلی ہیں .25 سال ن لیگ میں رہا لیکن چوری و سینہ زوری کے علاوہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے اس لئے کپتان کی سمندری جہاز میں سوار ہوا ہوں جس کے بعد مجھ جیسے ورکر کو وزارت سے نوازا گیا کپتان کا شکرگزارہوں .آمیدوار آغا بہشتی نے چھلت تحصیل کے مسائل بیان کرتے ہوئے مطالبات پیش کیے جن میں تعلیمی، طبی و سڑکوں کے مسائل سمیت دیگر ایشوز تھے .چھلت پہنچنے پر اکبر آباد سے وزیراعلی' وزیرخزانہ وزیر خوراک و دیگر مہمانوں کا گھوڑوں پر سوار ایک گروپ نے شاہی مہمانوں کی طرح پرتپاک استقبال کیا .اور شاہی محل چھلت میر شوکت علی خان کے گھر کے وسیع لان میں تقریب اور اوشو تھانگ مناپن میں انعقاد کیا گیا.مہمانوں میں بشارت حسین شیرالیاٹ صوبائی صدر لیبر ونگ .امتیاز تاج صوبائی ترجمان .عباس آزاد .عباس سکندری .سمیت کمشنر گلگت عثمان علی .ڈی سی نگر بلال حسن .اسسٹنٹ کمشنر ولی اللہ! فلاحی .ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر اقبال حسین دیگر مہمانان شامل تھے .اوشوتھانگ مناپن میں تقریب سے علی حیدر رہنما پی ٹی آئی اور معروف ماہر تعلیم یاور عباس نے بھی خطاب کیا۔