گلگت بلتستان میں کرونا وائرس میں مبتلا تمام مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور کوئی نیا کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ محکمہ صحت سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزکوئی بھی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور کرونا میں مبتلا تمام مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں کرونا سے 4959 افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے 4856 صحت یاب ہوئے اور 103 افراد جاں بحق ہوئے ہیں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ آج تاریخی دن ہے گلگت بلتستان میں تمام ایکٹو کیسز زیرو ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون اور ایس او پیز کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے گلگت بلتستان کرونا فری ہوچکا ہے۔گلگت بلتستان کے فوکل پرسن برائے کرونا وائرس ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود وبا پر قابو پا لیا گیا۔ڈاکٹر شاہ زمان کا کہنا تھا کہ کرونا کی ویکسین کے ساتھ عوام احتیاط جاری رکھیں تو وبا پر قابو پانے کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔