The provincial cabinet announced a special package for the national hero Muhammad Ali Sadpara

 

گلگت (نمائندہ خصوصی) صوبائی کابینہ نے قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کے ورثاء کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں محمد علی سدپارہ کی بیوہ کو 30 لاکھ روپے دینے، بیٹے کو محکمہ سیاحت وکھیل میں ملازمت دینے اور محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، مائونٹیرنگ اینڈ راک کلائمنگ کے قیام کی منظوری دیدی، کابینہ اجلاس میں قومی ہیرو کو اعلیٰ سول ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کردیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ محمد علی سدپارہ نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا محدود وسائل اور خطرات کے باوجود کوہ پیمائی کے شعبے کا انتخاب کیا اور پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا محمد علی سدپارہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا کوہ پیمائی کو فروغ دینے اور کوہ پیمائوں کی فلاح وبہبود کیلئے پالیسیز بنائی جائینگی۔ محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ کو کوہ پیمائی میں بین الاقوامی سطح کی تربیت دی جائیگی جسکے بعدمحمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ میں کوہ پیمائی کی تربیت دیگا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ کوہ پیمائی سے وابستہ ایسے تمام ہمارے گمنام ہیروز جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کا نام روشن کیا ان سب کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے محمد علی سدپارہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ شکر تا پیچھو شاہراہ کی توسیع و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔ کابینہ اجلاس میں محمدعلی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی کابینہ کی جانب سے صوبائی وزیر خزانہ جاوید علی منوا، مشیر قانون سہیل عباس اور مشیر خوراک شمس لون پر مشتمل کمیٹی محمد علی سدپارہ کے گھر جاکر انکے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرینگے اور بہت جلد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خود بھی محمد علی سدپارہ کے گھر جائینگے اور انکے خاندان سے اظہار تعزیت کرینگے۔ صوبائی مشیر خوراک شمس الحق لون ، مشیر قانون سید سہیل عباس اور وزیر اعلی کے ترجمان علی تاج نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کے لئے کوہ پیمائی کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی کوہ پیمائوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامع پالیسی مرتب کرکے کام کیا جائے گا اور کوہ پیماؤں کی ٹریننگ کے لئے صوبائی حکومت اقدام اٹھائے گی اس سے قبل کسی بھی حکومت نے کوہ پیمائی کے حوالے سے کوئی بھی کام نہیں کیا موجودہ حکومت اس سیکٹر پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی سدپارہ قوم کے وہ عظیم سپوت تھے جنہوں نے گلگت بلتستان کا نام ملکی و بین الاقومی سطح پر اجاگر کیا ہے آج ہم ایک قومی ہیرو سے محروم ہوئے ہیں جس کا ہم سب کو دکھ ہے۔