ہنزہ(پ ر)صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی وترقی گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ ہنزہ کے ساتھ ماضی میں بہت زیادتیاں ہوئی ہیں،ہنزہ کو اپنا حلقہ سمجھ کر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرینگے۔ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کیلئے ہنزہ ایک برانڈ ہے جس کی ترقی کیلئے ماضی کی حکومتوں نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا صرف جھوٹے وعدوں پر ہی اکتفا کیا گیا جو دھرے کے دھرے ہی رہ گئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنزہ پریس کلب اور ہنزہ یونین آف جرنلسٹس کی تقریب حلف برداری سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے ساتھ ساتھ ہنزہ کی بھی نمائندگی بھرپور انداز میں کریں گے،اور یہاں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی،کسی بھی معاشرے میں نوجوان تعمیر و ترقی کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔خطے کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کسی بھی ضلعے کے ساتھ زیادتی ہونے نہیں دے گی۔ہماری حکومت کی پہلی ترجیح خطے میں3 سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنا ہے جس کیلئے کوشش کررہے ہیں۔بجلی کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت سنجیدہ ہے، مفاد عامہ کے منصوبوں میں کمیشن نہیں لیں گے اور نہ ہی کسی کو لینے دینگے ،ایمانداری کے ساتھ کام کرہے ہیں،وزیر اعلی گلگت بلتستان اور انکی پوری ٹیم ایمانداری کے ساتھ علاقے کی بہتری اور مفاد عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مخلصانہ اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ملک کی شرارتیں اور منفی سوچ سے ملکی سالمیت اور استحکام کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔نوجوانوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ وہ کسی ایسے عناصر کا حصہ نہ بنیں جو بیرونی عناصر کا آلہ کار ہو۔آزادی بہت بڑی نعمت ہے ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اس خطے کو اپنی مدد آپ آزاد کرایا ہے،اب ہمیں اس کی آبیاری کیلئے ملکر کوششیں کرنی ہے،ہمیں اپنے ملک و ملت سے والہانہ محبت ہے۔شہدائ و غازیوں کی قربانیوں سے ہی آج ہم آزاد فضاؤں میں سانسیں لے رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں صحافیوں کے فلاح و بہبود کے حوالے سے مرتب کردہ پریس فاؤنڈیشن بل پاس کرائینگے ہماری حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے استعداد کار کو بڑھانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوئے ہیں تاکہ یہ محکمہ صحافیوں کے ساتھ مکمل لیزان میں رہے اور ان کی ویلفیئر کیلئے اقدامات کرے۔ان کا کہنا تھا کہصوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کے پریس کلبز کو ملنے والی سالانہ گرانٹ میں 20 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ کردیا ہے اس گرانٹ کو تمام کلبز میں برابری اور انصاف کے مطابق تقسیم کریں گے۔اخبارات کا گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ہے۔صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہماری حکومت کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر اخباری بلات کے بقایا جات کی ادائیگی کے حوالے سے کام کررہے ہیں،مکمل جانچ پڑتال کے بعد جلد ادائیگی ممکن بنائیں گے۔صحافیوں کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے بھی غور وخوص کریں گے،ڈویڑنل پریس کلبز کی عمارت پر بھی کام کررہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ اکتوبر/نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ایک بہت بڑا حب بننے جارہا ہے۔ہمارا ملک کا زیادہ تر حصہ ایگریکلچر پر مشتمل ہے اور دوسرا سیاحت کے لحاظ سے اہم ملک ہے ان دونوں شعبوں کی بہتری اور فروغ کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہنزہ اور تاشغرگن کو سسٹر سٹی قرار دینے کیلئے کوشش کررہے ہیں تاکہ سیاحت مزید فروغ پائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے ہنزہ پریس کلب کے نومنتخب صدر کو نقد ایک لاکھ روپے دئیے۔